نعت پاک

اکتوبر 23, 2025
اے خدا سیرت پہ ان کی تبصرہ کرتے ہوئے
زندگی کٹ جائے ذکرِ مصطفٰے کرتے ہوئے
دے گئے ہیں شفقتِ بے انتہا اپنی نبی
ختم ہم پر دہشتِ روزِ جزا کرتے ہوئے
صبح صادق تھی قیامِ دہر کے بھی ساتھ وہ
جس پہر سرکار آئے ہیں ضیا کرتے ہوئے
اس قدر ہم سے محبت تھی کہ دنیا سے گئے
ہم گنہگاروں کا آقا تذکرہ کرتے ہوئے
التجا ہے تجھ سے مولا اس جہاں سے جاؤں میں
پیروئ نقشِ پائے مصطفٰے کرتے ہوئے
حبس جب پیدا کرے گی قبر و محشر کی امس
آئیں گے سرکار دامن سے ہوا کرتے ہوئے
لے لیا نامِ نبی اور مل گئی مجھ کو شفا
ہو چکا تھا تنگ ورنہ میں دوا کرتے ہوئے
کر کے رب حسنِ توجہٗ کرتا ہے فوراً قبول
لیتا ہوں ان کا وسیلہ جب دعا کرتے ہوئے

ذکی طارق بارہ بنکوی

( ایڈیٹر ہفت روزہ "صدائے بسمل” بارہ بنکی )
       سعادتگنج، بارہ بنکی، یوپی بھارت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے