تلسی پور بلرام پور: ادبی سنگم تلسی پور اور سبکی آواز فاؤنڈیشن تلسی پور کے زیرِ اہتمام جویریہ نکاح سنٹر بیراگی پوروا روڈ تلسی پور میں ایک ادبی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت منان تلسی پوری اور نظامت کے فرائض تنویر ثاقب نے انجام دئیے، مہمان خصوصی کے طور پر اویس مونس اور مہمان اعزازی کاویتری ویشنوی سکروار صاحبہ موجود تھیں، ادبی مشاعرہ کا آغاز نعت پاک سے شاہ رخ ساحل تلسی پوری نے کیا۔ اس مشاعرہ میں مہمان خصوصی اویس مونس اور مہمان اعزازی ویشنوی سکروار جنہوں نے سماج، ادب اور ثقافت کے میدان میں غیر معمولی خدمات انجام دیں، کو ٹرافی اور دنت شان ٹوتھ پاؤڈر سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی نے کہا کہ آج کے مشاعرے میں شرکت کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے، اس دور میں اس طرح کی ادبی تقریبات کا ہونا بہت ضروری ہے جبکہ مہمان اعزازی نے کہا کہ اس ایک ادنا سنٹر میں اس تقریب کا انعقاد کر کے نئی نسل کو ادب سے آگاہی فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ قابل ستائش ہے، صدر مشاعرہ نے کہا کہ تلسی پور شعر و ادب کا گہوارہ رہا ہے، یہاں ہمیشہ سے نشستیں اور مشاعرے ہوتے رہے ہیں جلد ہی ایک کل ہند مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔
پسندیدہ اشعار نذر قارئین ہیں۔
بیٹا جو لے کے آیا ہے گھر میں نئی دلہن
بوڑھے کے گھر میں دوسری سرکار آ گئی۔
منان تلسی پوری
نگر میں امن ہے اعلان تم نے کر دیا لیکن
لہو سے تر تمہاری وردیاں کچھ اور کہتی ہیں
اویس مونس
اُلجھتی سانسیں, بے ترتیب دھڑکنیں۔
بس تیرے ذکر نے کھڑی اتنی مشکلیں کر دی
ویشنوی سکروار
ہر ایک شخص کی پگڑی اچھالنے والے
خُدا تُجھے بھی کسی دن ذلیل کر دے گا
تنویر ثاقب
ترس رہا ہوں ضعیفی میں ایک پیسے کو
ہمارا بیٹا بہو کو کمائی دیتا ہے۔
ڈاکٹر عطاء اللہ صادق
جب تلک کرسی پہ ستمگر ہے
تب تک ہر روز چھ6 دسمبر ہے
شاہ رخ ساحل تلسی پوری
اس کے علاوہ سامعین میں ڈاکٹر فراز طالب، اہتشام عالم، عثمان خان سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے، آخر میں مشاعرہ کمیٹی نے تمام شائقین کا شکریہ ادا کیا اور اس کے بعد ادبی مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔
