ظہیرآباد 10/ اگست ( مشرقی آواز جدید): ظہیرآباد کی سیاسی فضا میں ایک نئی جنبش اُس وقت محسوس کی گئی جب اے آئی ایم آئی ایم کے سرگرم رہنما، ظہیرآباد ٹاؤن کے سکریٹری شیخ رفیع صاحب اور دگوال کے صدر محمد واجد صاحب نے حیدرآباد کے دارالسلام میں صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی اور رکن اسمبلی حلقہ کروان و انچارج ضلع میدک و سنگاریڈی، کوثر محی الدین صاحب سے خصوصی ملاقات کی۔یہ نشست محض تعارفی نہیں تھی ۔ اس میں ظہیرآباد کے مختلف میونسپل وارڈز کے حالات، عوامی مسائل اور آئندہ بلدیاتی انتخابات خواہ وہ ظہیرآباد ہوں یا کوہیرکی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ واجد صاحب نے بات چیت کو مزید گہرائی دیتے ہوئے ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی، گرام پنچایت اور وارڈ ممبران کی کارکردگی پر روشنی ڈالی، اور ماضی کی ان خدمات کو یاد دلایا جو شیخاپور، ماڈگی، دگوال اور جھرہ سنگم کے سرپنچوں اور منتخب نمائندوں نے علاقے کی تعمیر و ترقی میں انجام دی تھیں۔
اس موقع پر بیرسٹر اسد الدین اویسی اور کوثر محی الدین نے یقین دہانی کرائی کہ جماعت ان نکات پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیسے گزشتہ انتخابات میں عوام نے جماعت کے نمائندوں کو بھرپور کامیابی دلائی تھی، ویسے ہی اس بار بھی ایک منظم اور پرجوش مہم کے ساتھ میدان میں اترنے کی ضرورت ہے۔یہ ملاقات اس بات کا پیش خیمہ قرار دی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں ظہیرآباد اور کوہیر میں اے آئی ایم آئی ایم کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔۔۔۔
