نوگڈھ ،سدھارتھ نگر :سدھارتھ نگر کے تھانہ کپل وستو کے تحت گرام جگدیش پور راجہ ٹولا میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب صبح سویرے ایک۳۲ سالہ نوجوان کی مشکوک حالت میں لاش برآمد ہوئی۔ مقتول کی شناخت جسونت کمار لودھی کے نام سے ہوئی ہے، جسے بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس اور شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، مقتول جسونت کمار لودھی گزشتہ شام بازار سے سامان لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا، لیکن جب وہ دیر رات تک واپس نہ آیا تو اہل خانہ نے تلاش شروع کی، تاہم اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ آج صبح جب مقامی اپنے معمول کے کاموں کے لیے نکلے تو انہوں نے گاؤں کے قریب واقع پلیا کے نیچے ایک لاش پڑی دیکھی، جس کا سر پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں مقامی اور مقتول کے لواحقین موقع پر پہنچ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتول کے منہ سے خون نکل رہا تھا اور جسم پر تشدد کے نشانات واضح تھے، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اسے بے رحمی سے قتل کر کے لاش وہاں پھینکی گئی ہے۔ موقع پر موجود خواتین اور بچوں سمیت تمام افراد اس ہولناک منظر کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔مقتول جسونت پیشہ ورانہ طور پر محنت مزدوری کر کے اپنے دو چھوٹے بچوں اور بیوی کی کفالت کر رہا تھا۔ اہل خانہ اور سماجی تنظیموں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی جائے۔علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔
اس دردناک واقعے نے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ اس غریب خاندان کو کب تک انصاف فراہم کر پاتی ہے۔
