تحریر: مولانا اعجاز احمد سنابلی

قرآنِ کریم کتابِ ہدایت اور پوری انسانیت کے لیے مکمل دستورِ حیات ہے۔ امت کی عزت و سربلندی اسی سے مضبوط وابستگی اور اس کی تعلیمات کو زندگی میں نافذ کرنے میں مضمر ہے۔ مگر افسوس کہ آج کی نسلِ نو رفتہ رفتہ دینی تعلیم اور قرآنِ کریم کی آغوشِ تربیت سے دور ہوتی جا رہی ہے۔

ایسے پُرفتن ماحول میں جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کی جانب سے نونہالانِ ملت کو کتابِ الٰہی سے جوڑنے اور ان کے دلوں میں قرآن کی محبت بیدار کرنے کے لیے بین الطلاب مسابقۂ حفظ و تجوید کا انعقاد ایک نہایت مبارک، قابلِ تحسین اور دوراندیشانہ اقدام ہے۔ یہ مسابقہ محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں، بلکہ نسلِ نو کے دلوں میں قرآن سے محبت پیدا کرنے، حفظ و تجوید کا ذوق پروان چڑھانے اور دینی شعور بیدار کرنے کی ایک حسین اور بامقصد کوشش ہے۔

اس قرآنی کاوش پر امیرِ محترم شیخ محمد ابراہیم مدنی اور ناظمِ عمومی شیخ وصی اللہ حفظہما اللہ خصوصی مبارک باد کے مستحق ہیں، جن کی دینی غیرت، اخلاصِ عمل اور مخلصانہ جدوجہد سے جمعیت کے پلیٹ فارم پر تعلیمِ قرآن، دینی تربیت اور نسلِ نو کی اصلاح و رہنمائی کے لیے مفید سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یقیناً ایسی کاوشیں مستقبل کی دینی نسل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

طلبہ اور ان کے سرپرستان سے گزارش ہے کہ بھرپور شرکت کے ذریعے اس بابرکت قرآنی پروگرام کو کامیاب بنائیں، جبکہ اہلِ خیر بھی اپنے تعاون اور حوصلہ افزائی سے اس کارِ خیر کو تقویت پہنچائیں۔

اللہ تعالیٰ جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کی ان دینی و تعلیمی کاوشوں کو شرفِ قبول عطا فرمائے، امیرِ محترم، ناظمِ عمومی اور تمام ذمہ داران کو کتاب و سنت کی خدمت کی مزید توفیق بخشے، اور ہماری نسلِ نو کو قرآن کا سچا حامل، عامل اور داعی بنائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے