اسماعیل قمر بستوی
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
ساری دنیا سے ہے یہ نیارا وطن
ہندو مسلم ہیں سب بھائی بھائی یہاں
مل کے رہتے ہیں سکھ و عیسائی یہاں
مسکراتا رہے جس پہ نیلا گگن
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
مذہبی سب کوحاصل ہیں آزادیاں
روز خوشبو اڑاتی ہیں پروائیاں
مسجدوں میں اذاں مندروں میں بھجن
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
جس نے کاٹی غلامی کی زنجیر کو
عام کی جس نے الفت کی تنویر کو
یہ شہیدوں کے ہے ایکتا کا چمن
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
عید ، دیوالی مل کے مناتے ہیں ہم
مل کے گجھیا، سوئیاں بھی کھاتےہیں ہم
اس کی ہراک ادا طرزِ گنگ وجمن
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
سرفروشوں کا ہے یہ گلستاں قمر
باغِ دنیا میں ہےیہ درخشاں قمر
دل کی حسرت ہے کہ ہو ترنگا کفن
یہ ہمارا وطن سب سے پیارا وطن
ساری دنیا سے ہے یہ نیارا وطن

